دفاعی بجٹ میں غیرمعمولی اضافہ نہیں کیا جا رہا: مشیر خزانہ
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ میں کوئی غیرمعمولی اضافہ نہیں کر رہی۔ اس بات کی تصدیق وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ دفاعی بجٹ میں آرمڈ فورسز ڈویلپمنٹ پلان کے تحت اضافہ کیا جائے گا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ دفاعی بجٹ میں ریگولر اضافہ سامنے آئے گا اور دفاعی بجٹ میں کوئی غیر معمولی اضافہ نہیں ہو گا۔ بجٹ 2017-18ء کے لئے دفاعی بجٹ 920.2 ارب روپے رہا۔ آئندہ مالی سال 2018-19ء کے لئے دفاعی بجٹ 1.013 کھرب روپے تک بڑھایا جا سکتا ہے جو پچھلے سے لگ بھگ 10 فیصد زائد ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فوج نے جانے والے بجٹ میں 920 ارب روپے سے زائد کا مطالبہ کیا تھا لیکن سابق وزیر خزانہ نے وعدہ کیا تھا کہ اضافی بجٹ مالی سال کے دوران ہی دیا جائے گا۔ حکومت وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر ریٹائرڈ ملازمین کے لئے پنشن میں معقول اضافہ کرے گی۔ حکومت نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں انتہائی بنیادی اصلاحات کی تھیں اور یکم جولائی سے کوئی بھی این ٹی این کے بغیر جائیداد نہیں خرید سکے گا۔