ووٹ کے ساتھ ووٹر کو بھی عزت دینی چاہئے، یہ نہ ہو وہ ہسپتالوں میں دھکے کھائے: نواز شریف نے تقریر کے 3دن بعد ڈکٹیشن لی: ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے نواز شریف کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ ووٹ کے ساتھ ووٹر کو بھی عزت دینی چاہئے یہ نہ ہو وہ ہسپتالوں میں دھکے کھائے‘ وہاں ڈاکٹر تو ہو مگر دوا نہ ہو۔ ایسا نہ ہو سکولوں میں ٹیچر ہو‘ فرنیچر اور دیواریں نہ ہوں۔ ووٹر کی عزت سب سے اہم ہے۔ نواز شریف ماضی میں تمام حکومتوں کیخلاف سازشیں کرتے رہے۔ ایسا نہیں ہو سکتا آپ اقتدار میں ہوں تو ہر چیز آپ کی مرضی سے ہو۔ ووٹ کی عزت ہوتی تو پہلے آپ اپنی پارلیمانی پارٹی میں جاتے۔ نوازشریف آپ نے ووٹ کی عزت کی نہ ووٹر کی۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے جس تقریرکا حوالہ دیا اس کے3 دن بعد میاں صاحب نے ڈکٹیشن لی تھی‘میاں صاحب نے نہ صرف خود استعفیٰ دیا بلکہ اسمبلی بھی توڑی‘ تاریخ کانہ پتہ ہو تو اس کا حوالے نہیں دیتے۔