ہائیکورٹ کے احاطہ میں تھانیدار پر تشدد، 3 وکلاء نے عبوری ضمانتیں کرا لیں
ملتان (سپیشل رپورٹر)ہائیکورٹ ملتان بنچ کے احاطہ میں پولیس افسر کو تشدد کا نشانہ بناکر قتل کے ملزم کو فرار کرانے والے تین وکلاء نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان رانا زاہد اقبال خاں نے بطور ڈیوٹی جج 20 اکتوبر تک ضمانتیں منظور کرلیں۔ واقعے میں ملوث ملزم عامر کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا، جبکہ مقدمہ درج ہونے پر گزشتہ روز ہائیکورٹ بار نے ہنگامی اجلاس بھی منعقد کیا اور ایف آئی آر کو خارج کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیل کے مطابق ایک روز قبل ہائیکورٹ ملتان بنچ کے احاطہ میں لڑائی کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ملزمان وکلا اور دو پرائیوٹ افراد نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم ارشد کو پولیس تحویل سے بھاگنے میں مدد فراہم کی جس پر تشدد کا نشانہ بننے والے سب انسپکٹر امیر نواز خان کی مدعیت میں تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ میں سب انسپکٹر نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملزم ارشد کی درخواست ضمانت خارج ہوئی جسے پولیس اہلکاروں نے احاطہ عدالت میں ہتھکڑی لگا کر گرفتار کرلیا تھا لیکن اسی دوران ملزم کے وکلاء اور دیگر ساتھیوں نے چھڑانے کے لیے پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور پولیس پر حملہ کرکے ملزم کو موقع سے فرار کرادیا تھا۔ ملزمان میں وکلاء اسد گوندل، زاہد شاہ اور سالک خان جبکہ ضمانتیں حاصل کرنے والے حاجی محمد اور محمد عامر شامل تھے۔ ملزمان نے حملہ کرکے دہشت پھیلائی جن پر کار سرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ تاہم گزشتہ روز ملزمان وکلاء نے ضمانتیں حاصل کرنے کے لئے عدالت سے رجوع کیا جس کی سماعت سیشن جج ملتان نے بطور ڈیوٹی جج کی اور 20 اکتوبر تک عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔ ملزمان کی جانب سے صدر ہائیکورٹ بار چوہدری طاہر محمود،جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار سجاد حیدر سپرا،صدر مظفر گڑھ بار ملک ارشد حسین بھٹی،سجاد حسین ٹانگرہ،باصر خان سکھانی ،فیصل سلیم،ملک خرم شہزاد اور شفیق ملانہ سمیت دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ دوسری جانب ہائیکورٹ بار کی ایگزیکٹو باڈی نے واقعے پر گزشتہ روز ہنگامی اجلاس بھی منعقد کیا اور ایف آئی آر کے اندراج پر مذمت کی۔ جن کا کہنا تھا کہ وکلاء پر درج مقدمہ فوری طور پر خارج کیا جائے وگرنہ بار اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔ مزید برآں واقعے میں گرفتار ہونے والے ملزم عامر کا علاقہ مجسٹریٹ نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔