خانیوال میں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘4 دہشت گرد گرفتار‘ اسلحہ برآمد
ملتان‘خانیوال (کرائم رپورٹر‘نوائے وقت نیوز) اینٹی ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے خانیوال بس اسٹینڈ سے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، تفصیلات کے مطابق اینٹی ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے خانیوال کو بڑی تباہی سے بچا لیا، خفیہ اطلاع پر خانیوال بس اسٹینڈ پر کارروائی کرکے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا، سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کا لعدم تنظیم سے ہے۔مبینہ دہشت گرد خانیوال شہر میں حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ان مبینہ دہشت گردوں میں غلام علی، احمد بلال، حسن امین اور طاہر شامل ہیں۔سی ٹی ڈی ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضہ سے چار ہینڈ گرنیڈ، نقشے اور اسلحہ برآمد کر کے تھانہ سی ٹی ڈی ملتان میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔