خیبر پختونخوا حکومت نے کرونا وائرس پھیل جانے کے خطرے کے پیش نظر سرکاری محکموں کے تحت کام کرنے والے غیر ضروری ڈایریکٹریٹس اور اداروں کو 15 دنوں تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریلیف ڈیپارمنٹ کے اعلی عہدیدار نے انڈپینڈنٹ اردو کے نامہ نگار اظہارللہ کو بتایا کہ اس فیصلے کا اطلاق کل سے ہوگا۔
ریلیف ڈیپارمنٹ سے جاری ہدایات کے مطابق غیر ضروری ڈاریکٹریٹس اور اداروں سمیت دیگر سرکاری اداروں بشمول ضلعی دفاتر میں بھی غیر ضروری ملازمین کو 15 دنوں تک دفتر نہ آنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔
ہدایات کے مطابق سرکاری دفاتر میں 50 سال سے زائد عمر کے ملازمین جنہیں ذیابیطس یا دل کی بیماری ہے اور حاملہ خواتین کو بھی 15 دنوں کی چھٹی دینے کی فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سرکاری دفاتر میں آنے والے سرکاری ملاقاتیوں سے بھی پہلے فون پر مسئلہ پوچھا جائے گا اور اگر ملاقات نہایت ضروری ہو تو پھر دفتر جانے کی اجازت ملے گی۔ تاہم غیر سرکاری مہمان کو پہلے ریسپشن ڈیسک پر ڈیل کیا جائے گا۔
اس حوالے سے صوبائی مشیر بلدیات کامران بنگش نےبتایا کہ یہ فیصلے مشکل ضرور ہیں ۔لیکن یہ فی الفور نافذ کیے جائیں گے اور نافذ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائےگی۔