عاکف جاوید‘ ارشد اقبال‘ دلبر حسین ذیشان اشرف‘حیدر علی‘ آرش خان توجہ کا مرکز ہونگے
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے،اب تک پی ایس ایل کے گذشتہ 4 ایڈیشنز نے حسن علی، شاداب خان، فخر زمان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو قومی ٹیم میں جگہ دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ ایمرجنگ کھلاڑی عاکف جاویدقومی ٹی ٹونٹی کپ میں اپنی نپی تلی باؤلنگ سے دھاک بٹھاچکے ہیں۔ کراچی کنگز کے ایمرجنگ 19 سالہ فاسٹ باؤلرارشد اقبال آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ لاہور قلندرز کے دلبر حسین دورہ آسٹریلیا کیلئے قلندرز ڈویلمپنٹ سکواڈ کا حصہ تھے۔دلبر حسین بگ بیش لیگ کے حالیہ سیزن میں بطور غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے دوسرے کرکٹر ہیں۔ملتان سلطانزکے ذیشان اشرف پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے۔ پشاور زلمی کے حیدر علی کو ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر این بشپ نے "دوسرے بابراعظم" کا لقب دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آرش علی خان کی یہ لیگ میں پہلی انٹری ہے۔