نوازشریف کی بطور وزیراعظم بحالی کیلئے درخواست‘ ہائیکورٹ نے جلد سماعت کی استدعا مسترد کردی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے پر بحال کرنے کے لئے دائر درخواست کی جلد سماعت کے لئے متفرق درخواست مسترد کردی۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست گزار اے کے ڈوگرنے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمشن نے 28 جولائی کو غیر قانونی طور پر نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کیا۔ آرٹیکل 95 اے کے تحت وزیر اعظم کو صرف عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔ نواز شریف کو عوام اور ممبران قومی اسمبلی نے اپنے ووٹوں سے وزیراعظم منتخب کیا۔ الیکشن کمشن نے تحریک عدم اعتماد کے بغیر ہی غیر قانونی طور پر میاں نوازشریف کو عہدے سے الگ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نواز شریف اس وقت بھی وزیر اعظم ہیں۔ کیس کے فیصلے تک الیکشن کمشن کے نوٹیفکیشن کو معطل قرار دیا جائے اور معاملے کی حساسیت کے پیش نظر جلد سماعت کی جائے۔ عدالت کی جانب سے پہلے ہی الیکشن کمشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔