وزارت خارجہ میں پاکستان، سپین مشاورتی اجلاس کا چوتھا دور
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور اسپین نے دوطرفہ مشاورتی اجلاس کے چوتھے دور میں باہمی تجارتی حجم ایک ارب ڈالر سے زائد ہونے پراطمینان کا اظہار کیا ہے۔پاکستان اور سپین کے مابین سالانہ دوطرفہ مشاورتی اجلاس کا چوتھا دور یہاں وزارت خارجہ میں منعقد ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی، جبکہ ہسپانوی وفد سیکرٹری خارجہ الدیفانسو کاسترو لوپیز کی قیادت میں شریک ہوا۔ اجلاس میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی،سرمایہ کاری اور ثقافتی تعاون کے امور زیرغور آئے، دونوں ممالک کے مابین قونصلر امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ سطح پرسرمایہ کاری اورتجارتی حجم بڑھانے بھی پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان میں جمہوری اورسیاسی استحکام کیلئے کلیدی کاوشیں کی گئیں، پاکستان اقتصادی اورتوانائی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان،سپین پانچواں سالانہ مشاورتی اجلاس آئندہ سال میڈرڈ میں ہو گا۔