فاسٹ بائولر شعیب اختر نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ بہت جلد قومی ٹیم کا حصہ بن جائیں گے اور دورہ بنگلہ دیش میں ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔
ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ گھٹنے کی انجری سے تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔ انہوں نے ہلکی ورزش اور بائولنگ پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔ ملکی اور غیر ملکی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کو آپریشن کی ضرورت نہیں پڑے گی اور ان کے گھٹنے میں موجود خون کی گلٹیاں اور ہڈی کے ٹکرے انجیکشنز اور دوائیوں سے ہی ختم کر دئیے جائیں گے۔ شعیب اختر نے گزشتہ تین سال میں فٹنس اور اپنے رویے کے مسائل کی وجہ سے صرف تین ٹیسٹ اور گیارہ ایک روزہ میچز ہی کھیلے ہیں جبکہ وہ گھٹنے کی انجری کی وجہ سے دو ہزار سات کا ون ڈے ورلڈ کپ اور اپنے خراب رویے کی وجہ سے دو ہزارسات کا ہی ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔