ملکی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے: میاں عثمان
لاہور (کامرس رپورٹر) مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے ، دھرنے ، لاک ڈائو ن اور دھرنا پلس تحریک انصاف کی نشانیاں ہیں جنہیں عوام آئندہ عام انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے بغض میں پاکستان کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے سپیڈ بریکر کھڑے کئے گئے لیکن عوام ایسے عناصر کے چہروں سے آشنا ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کا راستہ روکیں گے ۔ میاں عثمان نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے لیکن ایک سازش کے تحت ہیجان کی کیفیت پیدا کی جارہی ہے جس کا ملکی معیشت کو بیحد نقصان ہو رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) پوری طرح متحد ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کر کے ترقی کے سفر کو جاری و ساری رکھے گی۔