بل گیٹس مودی کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ واپس لیں: سینیٹر رحمان ملک
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر رحمان ملک نے بل گیٹس سے بھارتی وزیراعظم مودی کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ٹویٹر پر اپنے پیغامات میں سینیٹر رحمان ملک نے بل گیٹس پر فیصلہ واپس لینے پر زور دیا اور کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کسی ایوارڈ کا مستحق نہیں۔ معصوم انسانوں کا قاتل ہے۔ کیا بل گیٹس نے واشنگٹن پوسٹ میں مودی کے مظالم پر بیانات نہیں پڑھے ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ کیا بِل گیٹس نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر رپورٹ نہیں پڑھی ہے وزیراعظم عمران خان بِل گیٹس کو خط لکھے کہ مودی کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ بھارتی وزیراعظم مودی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کرا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے کرفیو نافذ کیا ہوا ہے۔