کراچی: جناح ہسپتال میں ڈاکٹروں کی ہڑتال، 2 روز میں 12 مریض دم توڑ گئے
کراچی (نیٹ نیوز) کراچی کے جناح ہسپتال میں ڈاکٹروں نے مطالبات منوانے کیلئے ہڑتال جاری رکھی۔ علاج نہ ہونے پر دو دن کے دوران مختلف وارڈز میں12 مریض دم توڑ گئے، ہسپتال میں گولیاں لگنے والے ایک شخص کو لایا گیا مگر اسے دیکھنے والاکوئی نہ تھا کیونکہ ’’مسیحا‘‘ پیسے بڑھوانے کی دھن میں احتجاج کر رہے تھے۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث او پی ڈی ، تھیٹر تو بند رہے ایمرجنسی میں بھی کام نہ ہونے کے برابر تھا۔ اب تک 9افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 5افراد میڈیسن ڈپارٹمنٹ، دو افراد آرتھوپیڈک اور 2ایمرجنسی میں دم توڑ گئے۔ ایک طرف کرب میں مبتلا مریض اور انکے لواحقین خوار ہوتے رہے۔ دوسری طرف ڈاکٹروں کا یہ حال تھا کہ احتجاج کے نام پر ہلا گلا چلتا رہا، سیلفیاں لی جاتی رہیں۔ دوسری جانب انتظامیہ نے احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کے حوالے سے ڈی جی رینجرز اور متعلقہ ایس پی کو خط لکھ دیا ہے۔