ایران میںمہنگائی کے خلاف پرتشدد احتجاج ،ایک شخص ہلاک
تہران (این این آئی)ایران کے مختلف شہروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ، جنوب مغربی صوبہ خوزستان میں پرتشدد احتجاج کے دوران میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی حکومت نے گذشتہ پیر کو بڑھتے ہوئے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا تھا۔اس میں ملک میں مروج زرِتلافی (سبسڈی)کے نظام میں تبدیلی ،کھانا پکانے کے تیل اور ڈیری مصنوعات سمیت اہم اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ شامل تھا۔ ایران کے متعدد شہروں میں سیکڑوں افراد نے حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا ۔ان میں صوبہ تہران بھی شامل ہے۔فروری میں یوکرین پرروس کے حملے کے آغاز کے بعد سے دنیا بھرمیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔