ثانیہ مرزا‘مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے اٹالین ٹینس ٹورنا منٹ جیت لیا
روم (سپورٹس ڈیسک)بھارتی سٹار ثانیہ مرزا اور سوئس مارٹینا ہنگس کی جوڑی اٹالین اوپن ٹینس ٹورنا منٹ کا ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ یہ ان کا پہلا کلے کورٹ ٹائٹل ہے۔ فائنل میں روس کی ایکاترینا میا رووا اور ایلینا ویزنینا کیخلاف چھ ایک ‘چھ سات اور دس تین سے کامیابی حاصل کی ۔ برطانیہ کے اینڈی مرے نے سربیا کے نوواک جوکوچ کو شکست دے کر اٹالین ٹینس ٹورنا منٹ جیت لیا۔انہوں نے فائنل میں چھ تین اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی ۔میچ کے دوران نوواک نے شکایت کی کہ بارش ہورہی ہے کھیل روک دیا جائے مگر امپائر نے کہا کہ اتنی بارش سے کھیل متاثر نہیں ہوگا‘جس کے بعد عالمی نمبر ایک کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی سٹا ر سرینا ولیمز نے روم ماسٹرز ٹینس ٹورنا منٹ کا سنگلز ویمنز ٹائٹل جیت لیا۔انہوں نے فائنل میں ہم وطن میڈیسن کیز کو سات پانچ اور چھ تین سے شکست دی ۔ یہ ان کا 9ماہ کے بعد پہلا ٹائٹل ہے ۔انہوں نے آخری مرتبہ گزشتہ سال سنسناٹی اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا۔انہوں نے روم ماسٹرز کا ٹائٹل چوتھی بار اپنے نام کیا ہے۔