پی ایس ایل فور: دفاعی چیمپئن اسلام آباد کا سفر تمام‘ پشاور نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
کراچی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے الیمینیٹر - 2 میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائٹیڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کولایفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ کو ئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو گا،زلمی کے بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 215 رنز کا ہدف دے دیا۔ اسلام آباد کی ٹیم نو وکٹ پر 166 رنز بنا سکی۔ 74 رنز کی دھوا ں دھار اننگز کھیلنے پر پشارور زلمی کے اوپنر کامران اکمل کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ٹیم کیلئے بہتر ثابت نہیں ہوسکا اور پشاور زلمی کے کھلاڑی دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ پر قہر بن کر برسکے۔وکٹ کی دونوں جانب موجود پشاور زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور امام الحق کے بلے چھکے چوکے اگلتے رہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز بے بسی کی تصویر بنے رہے۔بڑے میچ کے بڑے کھلاڑی کامران اکمل نے نوجوان امام الحق کے ہمراہ مل کر شاندار آغاز فراہم کیا اور ٹیم کو 13ویں اوور میں 135 رنز تک پہنچا دیا۔یہاں کیمرون ڈیلپورٹ کے اوور میں یکے بعد دیگرے دونوں اوپنرز کیچ آؤٹ ہوگئے۔کامران اکمل نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ امام الحق 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی کیرون پولارڈ اور ڈیرن سیمی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے بالترتیب 21 گیندوں پر 37 اور 15 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بناسکی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پارٹ ٹائمر کیمرون ڈیلپورٹ نے 2 جبکہ محمد موسیٰ نے ایک وکٹ حاصل کی۔۔دو سو پندرہ رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے والٹن نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیلپورٹ 28 رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے۔گزشتہ میچ کے ہیرو آصف علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے انہیں پولارڈ نے آؤٹ کیا، حسین طلعت بھی 19 رنز پر ہمت ہار گئے، فہیم اشرف کو کرس جارڈن نے آؤٹ کیا۔پشاور زلمی کے حسن علی نے تین وکٹیں حاصل کیں، کرس جارڈن کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ٹائمل ملز اور کیرون پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔