وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ‘ آپریشن ضربِ عضب پر فوج کو خراج تحسین، شہداء کو سلیوٹ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ سپیشل رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کا اجلاس ہوا جس میں آپریشن ضربِ عضب میں پیشرفت اور آئی ڈی پیز کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق اجلاس میں جشن آزادی سے متعلق تقریبات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے موثر انداز میں آپریشن ضرب عضب پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے جنگ کے شہداء اور غازیوں کو سلیوٹ کیا، شرکاء نے اتفاق کیا کہ یہ جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے یوم آزادی کو ضربِ عضب کے جوانوں اور صبر و تحمل کے نام سے منانے کی ہدایات دیں، یوم آزادی ملکی ترقی اور خوشحالی کے نام بھی کیا جائے، وزیراعظم نے آئی ڈی پیز کیلئے بہترین انتظامات پر وزیر سفیران کی تعریف کی اور فیصلہ کیا گیا کہ 14اگست کو شایان شان طریقے سے منایا جائے۔ اجلاس میں لانگ مارچ اور انقلاب کی دھمکیوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ حکمت عملی کیلئے قائم کمیٹی نے سفارشات وزیراعظم کو پیش کر دیں۔ علاوہ ازیں صدر صدر ممنون حسین سے وزیراعظم محمد نوازشریف نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے صدر سے ملک کی مجموعی صورتحال اور آئی ڈی پیزکے امور پرتبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پرشمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی امداد اور ان کی بحالی پر بھی غورکیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے آئی ڈی پیز کو اب تک فراہم کی جانے والی امداد سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف سے گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان نے ملاقات کی جس میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے آئی ڈی پیز سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔