نیا محلہ میں ہوائی فائرنگ سے جاں بحق بچے کے قتل کی ایف آئی آر درج
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سی پی او راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد فیصل رانا نے نیا محلہ میںہوائی فائرنگ کی اندھی گولی سے جاں بحق ہونے والے5سالہ بچے کے والد کوقانونی کارروائی پر راضی کر لیاتھانہ سٹی نے جاں بحق بچے کے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا سی پی او نے پولیس کو دودن میں ذمہ دار ملزم کی گرفتاری کا حکم دے دیا اور ہدائت کی کہ مجھے لمحہ لمحہ کی رپورٹ دی جائے سی پی او نے ایس پی راول اکرم خان نیازی کو دومرتبہ مقتول حرم علی کے والد شاہد کے پاس بھجوایا،اس سے براہ راست بات کر کے اصرار کیا کہ حرم علی کی اندھی گولی سے موت پر قانونی کارروائی کرائیں،تاہم شاہد نے کسی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار کر دیا،گزشتہ شب سی پی او نے تیسری مرتبہ مقتول حرم علی کے والد شاہد سے رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ معصوم بچے کا خون کسی بھی صورت نہیں چھپنا چاہیے ،مہربانی فرمائیں آپ قانونی کارروائی کے لئے درخواست دیں ہم ملزمان کو ہر صورت نہ صرف ملزمان کو گرفتار کریں گے بلکہ قانون کے مطابق انہیں اس طرح نشان عبرت بنائیں گے کہ کسی کو مستقبل میں ہوائی فائرنگ کرنے کی ہمت نہیں ہو گی،سی پی او نے کہا کہ میں اور پوری پنڈی پولیس آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے آ پ کا بیٹا تو واپس نہیں آ سکتا لیکن آپ قانون کے ساتھ تعاون فرمائیں قوم کی دیگر بچوں کو ان ناسوروں سے بچائیں جس کے بعد شاہد نے اپنے مقتول بیٹے حرم علی کے قتل کے مقدمہ کے اندراج کے لئے تحریری درخواست دی جس پر تھانہ سٹی میں قتل کی دفعہ302کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔