عمران خان نے کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی کمیونٹی کو دو ٹوک پیغام دیدیا: سردار عتیق
مظفرآباد(صباح نیوز)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سرزمین کشمیر پر تاریخی خطاب کرکے کشمیری عوام اور بین الاقوامی کمیونٹی کو دوٹوک پیغام دیئے ہیں ۔ اب دنیا کو آگے بڑھ کر جنوبی ایشیاء کو تباہی سے بچانا چاہیے ۔ اخبار نویسوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کے تشخص اور مستقبل پر وار کیا ہے اور مودی خود اپنی حماقت کی قیمت چکانے پر مجبور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو جیل بنا کر بھارت کشمیریوں کے ردعمل اور عالمی دبائو سے زیادہ دیر تک نظریں نہیں چرا سکتا۔ جلد ہندوستان کو اپنے رویے کی قیمت ادا کرنا پڑے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ہندوستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر کشمیریوں سے یکجہتی ظاہر کی ہے ۔ اگر آج کشمیر میں کرفیو نہ ہوتا تو لوگ اس دن احتجاج اور ہڑتال کے ذریعے یوم سیاہ منا رہے ہوتے ۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ عمران خان کا خطاب ایک امن دوست شخصیت کے خیالات کا آئینہ دار تھا۔ وہ ہندو ذہنیت کا پوسٹ مارٹم کرتے ہیں اب دنیا کو یہ بتایا جائے گا کہ ہندوستان نہرو اورگاندھی کا نہیں بلکہ ایک ہٹلر کا ملک بن رہا ہے جس میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے اس صورت حال کا نوٹس نہ لیا تو خطہ خوفناک تباہی کا شکار ہوسکتا ہے ۔