فاٹا میں تبدیلی کے لئے اصلاحات جاری‘ سی پیک اولین ترجیح ہے: شاہد خاقان
اسلام آباد (آئی این پی+نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فاٹا میں تبدیلی انتہائی ضروری عمل ہے‘ فاٹا میں تعمیری تبدیلی کے لئے قانونی اصلاحات کررہے ہیں۔ فاٹا سینیٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فاٹا میں تبدیلی انتہائی ضروری عمل ہے۔ فاٹا میں تبدیلی اور دوسرے علاقوں کے برابر لانا ترجیح ہے۔ فاٹا کے عوام کو تمام سماجی شعبوں میں مساوی حقوق یقینی بنائیں گے۔ بہت جلد فاٹا کا دورہ کروں گا۔ وزیراعظم نے کہا سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ہے‘ پارلیمانی کمیٹی کا کردار سی پیک کے حوالے سے قومی اتفاق رائے میں اہم ہے‘ وہ پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم کو پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے کے صدر انجینئر امیر مقام نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ دریں اثناء وزیراعظم نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ آنے والی نسلوں کی بقاء کے لئے ضروری ہے‘ وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں صحت خدمات کی وزیر سائرہ افضل تارڑ اور عائشہ رضا فاروق نے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا پولیو کے خاتمے کے لئے قومی ٹاسک فورس کا اجلاس فوری طلب کیا جائے۔ پولیو کے خاتمے کے لئے پیشرفت کی خود نگرانی کروں گا۔ وزیر اعظم سے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر نے ملاقات کی اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 5 خصوصی معاونین کا تقرر ک دیا۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم نے بیرسٹر ظفر اللہ خان ، مفتاح اسماعیل خان، ڈاکٹر آصف کرمانی ، ڈاکٹر مصد ق ملک اور خواجہ ظہیر احمد کو معاونین خصوصی مقرر کیا ہے۔
شاہد خاقان