متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ کابینہ میں شمولیت کیلئے پیپلز پارٹی سے بلدیات اور داخلہ کی وزارتیں مانگ لیں ہیں جبکہ ایم کیو ایم جلد حکومت کا حصہ بن جائے گی۔
ایم کیو ایم ذرائع کےمطابق بدھ کے روز نائن زیرو پر افطار پارٹی کے موقع پر ایم کیو ایم حکومت سازی کے پہلے مرحلے میں سندھ کابینہ میں واپسی کا اعلان کرے گی۔ سندھ کابینہ میں شمولیت کیلیے ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کو اپنے مطالبات سے آگاہ کر دیا ہے جن میں سب اہم مطالبہ بلدیات اور داخلہ کی صوبائی وزارتیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان مسلسل رابطوں کے بعد ایم کیو ایم کل حکومت میں واپسی کا اعلان کر رہی ہے۔ ذرائع کےمطابق حکومت میں واپسی کے اعلان سے پہلے ہی ایم کیو ایم کی طرف سے دو نئی اور وزارتوں کے مطالبے کے بعد پیپلز پارٹی کے سامنے ایک بار پھر نیا امتحان آن کھڑا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان وزارتوں کی تقسیم کے حوالے سے مذاکرات کے بعد درمیانی راستہ نکل آئے گا اور ایم کیو ایم جلد صوبائی کابینہ کا حصہ بن جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ایم کیوایم وفاقی کابینہ میں شامل ہو گی۔