جج کے گھر پر فائرنگ عدلیہ، قانون اور انصاف پر حملہ ہے: حامد رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ شام پر عالمی طاقتوں کا حملہ کھلی جارحیت ہے۔ جسٹس اعجاز الا حسن کے گھر پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔ ججز کی سیکورٹی رینجرز کے سپرد کی جائے۔ جج کے گھر پر فائرنگ عدلیہ، قانون اور انصاف پر حملہ ہے۔ شام پر حملہ کر کے پوری دنیا کا امن خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔ امریکہ شام میں اپنے حامیوں کی حکومت لانا چاہتا ہے۔ شام پر حملے کے بعد او آئی سی کی خاموشی افسوسناک ہے۔ امریکہ اور روس نے شام کو تختہ مشق بنا لیا ہے۔ سپر پاورز کا شام پر مشترکہ حملہ کئی المیوں کو جنم دے گا۔ عرب دنیا نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو تیسری عالمی جنگ شروع ہو سکتی ہے۔ شام کے مقتل میں سات سال سے مظلوم شامی عوام کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔ سیاسی فرعونوں کی غلامی سے آزادی حاصل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ نئے الیکشن کے نتائج کرپشن مافیا کی سیاسی موت ثابت ہوں گے۔