دورہ نیوزی لینڈ ، فواد عالم ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کیلئے پر امید
کراچی(اسپورٹس رپورٹر)ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کیلئے پرامید ہیں۔فواد عالم کا کہنا ہے کہ کم بیک پر غیر ضروری دبائو کا شکار نہیں تھا، انگلینڈ میں پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ کیریئر دوبارہ شروع کر رہا ہوں، ٹور کے دوران مینجمنٹ کا رویہ اور ٹیم کا ماحول بڑا شاندار رہا۔اپنے ایک انٹرویو میں فواد عالم نے کہا کہ عمدہ پرفارم کرنے کا عمومی دباو تو کلب کرکٹ میں بھی ہوتا ہے لیکن ایک پروفیشنل کرکٹر کے طور پرہمیں ان چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ویسے بھی کوئی ہر اننگز میں اسکور نہیں کر سکتا، بدقسمتی سے میں بھی توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا پایا، بہرحال کرکٹ میں ایسا ہوجاتا ہے۔10سال میں کئی منفی خیالات بھی ذہن میں آتے رہے، کئی کھلاڑی ہمت ہار جاتے ہیں،میں خوش قسمت ہوں کہ قومی ٹیم میں واپسی کا موقع ملا، انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ کیریئر دوبارہ شروع کر رہا ہوں، ٹور کے دوران مینجمنٹ کا رویہ اور ٹیم کا ماحول بڑا شاندار رہا، صفر پر آوٹ ہوکر آیا تب بھی ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ کوئی بات نہیں، مستقبل کے بارے میں سوال پر فواد عالم نے کہا کہ اس کا تو مجھے علم نہیں، کوچ سمیت مینجمنٹ نے بعض تکنیکی معاملات میں بہتری لانے کا مشورہ دیا ہے۔امید ہے کہ ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ جاوں گا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی، ہم پہلا ٹیسٹ جیت سکتے تھے، دوسرے اور تیسرے میچ میں مشکل وقت میں کھلاڑی چیلنج پر پورا اترے، بارش نہ ہوتی تو پہلے ٹی ٹوئنٹی پر گرفت مضبوط تھی،ہم دوسرا بھی جیت سکتے تھے، چند معمولی غلطیوں کی وجہ سے بازی پلٹ جاتی رہی، نوجوان کھلاڑیوں نے اس ٹور سے بہت کچھ سیکھا ہے، اگلی بار یہاں آئے تو مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔