انیس قائمخانی سمیت متعدد کے ایم سی افسران کی تنزلی
کراچی (نیوزرپورٹر)بلدیہ عظمی کراچی میں راج کرنے والے افسران کی بڑے پیمانے پرتنزلی اور انہیں اصل محکموں میں بھیجنے کا حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔ سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد کئی افسران کوپرانے گریڈ اور اصل محکموں میں روانگی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نجیب احمد چیف انجنئیرگریڈ 20 کو گریڈ 17 میںریورٹ کرتے ہوئے واٹر بورڈ واپس بھیج دیا گیا۔انیس قائم خانی سپریٹینڈنگ انجنئیر گریڈ 19 کو بھی واپس 17 گریڈ میں واٹر بورڈ روانہ کردیا گیا ۔ طارق عزیز ایکس ای این 18 گریڈ کو بھی 17 گریڈ میں واٹر بورڈ جبکہ شکیب احمد ڈائریکٹر انوائرمنٹ گریڈ 19 کو انجنئیرنگ برانچ ایس یوجی سروسز‘ شبیہ الحسن گریڈ 19 کے چیف انجنئیر کو گریڈ 17 میں واپس کچی آبادی بھیجا گیا ہے۔ آفاق سعید گریڈ 19 کے فنانشل ایڈوائزر کو گریڈ 14 میں ڈی ایم سی سینٹرل‘ نعمان ارشد ڈائریکٹر میونسپل سروسز کو گریڈ 19 سے گریڈ 5 میں واپس ڈی ایم سی سینٹرل‘ مظہر شیخ ڈائریکٹر پلاننگ گریڈ 18 سے واپس ڈی ایم سی ویسٹ‘ مشیراحمد ڈائریکٹر مشین پول گریڈ 19 کو واپس پارکس ڈیپارٹمنٹ گریڈ 11 میں اور مسعود عالم ڈائریکٹر کوآرڈینیشن گریڈ 20 کو واپس گریڈ 17 میں فوریسٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ واپس بھیج دیا گیا ہے ۔ جاری نوٹیفیکیشن کے بعد اہم پوسٹیں خالی ہو جائیں گی جس پر تعیناتیاں اس لحاظ سے اہمیت کی حامل ہیں کہ ان کا تعلق نالہ صفائی سمیت ترقیاتی کاموں سے ہے ۔ مذکورہ اقدامات کے بعد امید ہوچلی ہے کہ بلدیاتی اداروں میں بہتری لانے کی ابتدا ہو چکی ہے۔