ملیر :میاں احمد حامدیؒ کے عرس مبارک پر میمن گوٹھ میں عظیم الشان کانفرنس کا اہتمام
کراچی ( نیوز رپورٹر)ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں میاں احمد حامدیؒ کے عرس مبارک پر عظیم الشان کانفرنس کا اہتمام کیاگیا،جس میں علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کربلا، شان اھلبیت ؓو شان اولیاء اللہؒ بیان کی،عرس میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ملیر میمن گوٹھ میں عظیم بزرگ ہستی میاں احمد حامدی کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی غلام محمد نعیمی، پیر منصور مصدق جان سرہندی، مفتی غلام نبی نعیمی، عبدالغفور نعیمی و دیگر نے کہا کہ ہر دور میں یزیدی کردار موجود ہے، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے امام حسین علیہ السلام کے جرات اور بہادری کی راستے پر چلنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ جو نادان لوگ کہتے ہیں کہ امام حسینؓ نے حکمرانی حاصل کرنے کے لیے معرکہ کربلا برپا کیا وہ غلطی پر ہیں، یزید کے ساتھ امام حسین ؓکی جنگ دین حق کی سربلندی کے لئے تھی، یزید دین اسلام کے شعائر کا مذاق اڑا رہا تھا، واقعہ کربلا سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہم بھی اپنے دور کے یزیدوں سے سامنے کلمہء حق بلندکریں۔ ، ظلم کے خلاف حق کا کلمہ بلند کرنے والے ہی حسینی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں ظلم وجبر ہو ، وہاں خاموشی ہو تو وہ کوفہ والے کہلاتا ہے۔امام حسین علیہ السلام کی دی گئی قربانیوں کی نتیجے میں آج اسلام اپنی حقیقی روح میں موجود ہے، امام حسین علیہ سلام یزید کے خلاف علم جہادنہ بلند کرتے تو آج دین اسلام اپنی اصلی حالت میں موجود نہ ہوتا۔ انہوں نے اپنے خاندان اور جانثاروں کے ساتھ قربانی دے کر اس دین کو بچایا ہے، ہمیں امام حسین ؓکی راہ پر چلتے ہوئے ظالموں کے خلاف کلمہ حق بلند کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ اللہ کے ولی ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں ،ان کو کبھی موت نہیں آتی۔ انہوں نے اپنی ظاہری زندگی میں دنیا کے عشق کو چھوڑ کر عشق خدا میں اپنی زندگی گزاری، سندھ بزرگوں کی دھرتی ہے، جہاں سے ہمیشہ امن کے پیغام کی آواز بلند ہوتی رہی ہے۔ کانفرنس میں سابق تعلقہ ناظم ادا محمد میمن، سائیں گلزار احمد میمن، مولانا عبدالحفیظ نعیمی، محمد حسین نعیمی، محمد حسن جت نعیمی، یعقوب جت نعیمی، ظہیر احمد نعیمی، حاجی پیر محمد میمن، حاجی محمد حسین میمن، محمد اکبر حامدی سمیت بڑی تعداد میں کراچی سمیت ملیر، ٹھٹھہ، سجاول کے مختلف علاقوں سے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔