برطانیہ میں نئے پاکستانی ہائی کمشنر کی تقرر ی کا امکان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) برطانیہ میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر کی تقرری کا امکان ہے کیونکہ موجودہ ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کے خلاف محکمانہ تحقیقات چل رہی ہیں۔ نئے ہائی کمشنر کی تعیناتی کے لئے جوہر سلیم، نغمانہ ہاشمی، نفیس ذکریا اور ظہیر اسلم جنجوعہ کے نام زیر غور ہیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق کا کہنا ہے کہ اس عہدے کے لئے جو چار نام زیر غور ہیں ان میں سے جوہر سلیم اس وقت جرمنی میں، نغمانہ ہاشمی بیلجئیم میں پاکستان کے سفیر جبکہ نفیس ذکریا ملائیشیا میں ہائی کمشنر کے طور پر کام کر رہے ہیں، ظہیر اسلم جنجوعہ دفترخارجہ میں ایڈیشنل سکریٹری برائے یورپ ہیں، نفیس ذکریا برطانیہ میں ڈپٹی ہائی کمشنر کے طور پر کام کرچکے ہیں جبکہ وہ ترجمان دفتر خارجہ بھی رہے ہیں۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کو ایک تقریب میں غیر اخلاقی حرکت کے بعد ان کے عہدے سے ہٹایا جارہا ہے، وزیرخارجہ کے باقاعدہ فیصلے اور منظوری کے بعد ان چار ناموں سے ایک نام تقرر نامے کی منظوری کے لئے لندن بھجوایا جائے گا۔