برطانوی دارالامرا نے بھی بریگزٹ بل کی منظوری دیدی ‘ یورپی یونین سے علیحدگی کے لئے مذاکرات کی راہ ہموار
لندن (آئی این پی+ اے پی پی) برطانوی ایوان بالا دارالامرا نے بھی بریگزٹ بل کی منظوری دیتے ہوئے برطانیہ کے لیے یورپی یونین کو چھوڑنے کے لیے مذاکرات شروع کرنے کی راہ ہموار کر دی، امکان ہے کہ اس بل کو شاہی توثیق حاصل ہونے کے بعد قانون کی شکل دے دی جائے گی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ملکی ایوان بالا نے بھی بریگزٹ بل کی منظوری دیتے ہوئے برطانیہ کے لیے یورپی یونین کو چھوڑنے کے لئے مذاکرات شروع کرنے کی راہ ہموار کر دی ہے۔ اس بل کی منظوری کے بعد تھریسامے کو موقع مل جائے گا کہ وہ یورپی یونین سے نکلنے کے مذاکرات کا بٹن دبا دیں۔ وزیراعظم اصولی طور پر آرٹیکل 50 کے تحت باقاعدہ طور پر بریگزٹ کے عمل کا جلد از جلد آغاز کر سکتی ہیں۔تاہم ڈاوننگ سٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے ایسا اس ہفتے تو نہیں ہوگا اور امکان ہے وزیراعظم رواں ماہ کے اختتام تک یورپی یونین کو برطانیہ کے ارادوں سے آگاہ کرنے کے لیے انتظار کریں گی۔118 ووٹوں کے مقابلے میں 274 ووٹوں سے یورپی یونین چھوڑنے کے لیے بل کو بغیر ترمیم کے منظور کیا گیا۔اس سے قبل برطانوی پارلیمان کے ایوان زیریں نے حتمی ووٹ کے ذریعے برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑنے کے حوالے سے مذاکرات کے آغاز کی منظوری دی تھی۔