کراچی میں درجہ حرارت مزید گرنے اور بارش کا امکان
کراچی (نیوزرپورٹر)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں جمعہ اور ہفتہ کودرجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے ، درجہ حرارت 6ڈگری تک جاسکتا ہے جبکہ اتوار کو پورے کراچی میں بارش بھی متوقع ہے۔ سردی کی لہر 20 سے 22 جنوری تک جاری رہے گی۔ کراچی میں بھی سائبیرین ہواؤں کا راج ہے جس کے سبب سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور منگل کو شہر کا درجہ حرارت 7.5 ڈگری تک گر گیا۔ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر نے بتایا ہے کہ شہر قائد میں شمال مشرقی علاقوں سے 8 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت کی شدت 6 ڈگری تک محسوس کی گئی اور امکان ہے کہ 15 سے 17 جنوری کی رات درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری تک گرسکتا ہے جب کہ سردی کی لہر 22 جنوری تک رہ سکتی ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سردی کی موجودہ لہر کے دوران درجہ حرارت کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کا کوئی امکان نہیں، اس سے قبل جنوری 2011 میں شہر کا کم سے کم پارہ 6.5 جب کہ 2008 میں کم سے کم درجہ حرارت 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوچکا ہے۔