جامعات کے وائس چانسلرز فورم کاچیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمدکو خراج تحسین
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)پاکستانی جامعات کے وائس چانسلرز نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سیکرٹریٹ میں بروز ہفتہ منعقد ہونے والے وائس چانسلرز فورم میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد ، جن کی مدت بحیثیت چیئرمین مکمل ہونے جا رہی ہے ، کی اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ وائس چانسلرز فورم میںجامعات کے سربراہان کی بڑی تعداد نے ذاتی طور پر اور ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعے شرکت کی ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیئرمین وائس چانسلرز کمیٹی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ میں تمام جامعات کے سربراہان کی جانب سے ڈاکٹر مختار احمد کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے ملک میں اعلی تعلیم کے شعبہ کی بہتری کے لیے بہترین خدمات سر انجام دیں ۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر مختار احمد نے اعلی تعلیم کے شعبے میں بہت کام کیا ہے اور بہت سی اصلاحات کی ہیں ۔ وائس چانسلرز نے اس موقع پر گفتگو میں شریک ہوتے ہوئے کہا کہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ہمہ وقت دستیاب رہ کر تعلیمی مسائل کے حل کے لئے کاوشیں کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر مختار کے 2013میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن بننے کے بعد سے جامعات کو فنڈز کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر مختار احمد کی قیادت میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بہت عزت اورنام کمایا ہے ۔ وائس چانسلرز کا کہنا تھا ڈاکٹر مختار احمد نے ہائر ایجوکیشن سیکٹر اور حکومت کے مابین تعلق کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ وائس چانسلرز فورم میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کمیشن کے 2002کے قیام کے بعد سے اب تک کی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور کمیشن کی بہتری کے لیے کام کرنے والے اپنے پیشرو ماہرین تعلیم کو خراج تحسین پیش کیا جنھوں نے اس ادارے اور اعلی تعلیم کے شعبے کی بہتری اور ترقی کے لیے خدمات سر انجام دیں ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اعلی تعلیم کے شعبے کو اہمیت دیتی ہے ،ہائر ایجوکیشن کمیشن پر بھروسہ کرتی ہے اور اعلی تعلیم کے لیے بجٹ میں اضافہ بھی کر رہی ہے۔ انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن جامعات کی معاونت اور سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گا۔ انھوں نے اپنی بات کے اختتام پر جامعات کے سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مل کر کام کریں، اخلاقیات اور اقدار کی ترویج کریں اور اپنے اداروں کے معاملات بطریق احسن سرانجام دیں تاکہ اعلی تعلیم کے شعبہ میں ہونے والی ترقی اسی شد و مد سے جاری رہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جامعات کو گورننس اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے اور ہمیں ایک خاندان کی طرح رہنا چاہیے تاکہ ہمارے شعبہ کا وقار برقرار رہے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی نے بھی چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے کہا انھوں نے خود کو بہترین لیڈر، اچھادوست اور ایڈمنسٹریٹر منوایا ہے۔