بجلی چوروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائیگی: چیف سیکرٹری
لاہور( سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے کہا ہے وفاقی حکومت کی بجلی چوری کیخلاف قومی مہم کے دوران صوبہ میں بجلی چوروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کیخلاف قومی مہم کو صوبہ میں بھرپور انداز میں شروع کرنے کیلئے صوبائی ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے۔ سیکرٹری توانائی کی سربراہی میں ٹاسک فورس بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کیساتھ ساتھ ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر قائم ہونیوالی کمیٹیوں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی کریگی۔سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ بجلی چوری کسی ایک صوبے یا علاقے کا مسئلہ نہیں ، اس پر قابو پانے کیلئے قومی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے مہم میںضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں انڈسٹریل، کمرشل اور زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو کنکشنزسے بجلی چوری کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کیخلاف مہم میں بڑے مگرمچھوں پر پہلے ہاتھ ڈاالا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے ٹاسک فورس کے سربراہ عامر جان کو ہدایت کی کہ بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈائون کیلئے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے اور عوامی آگاہی کیلئے مہم شروع کی جائے۔ سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی نے اجلاس کو بتایا کہ پاور سیکٹر میں سر کلر ڈیبٹ کی بڑی وجہ لائن لاسز اور بجلی چوری ہیں، اگر لوڈشیڈنگ کومکمل طور پر ختم کرنا ہے تو لائن لاسز اور بجلی چوری کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائنز کو بہتر بنانے اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔