نواز شریف کو نا انصافی کا نشانہ بنایا گیا، زرداری نیازی ملکر بھی ہم پر بھاری نہیں: شہباز شریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+بی بی سی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے نو منتخب صدر اور پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف ہی وہ پاکستانی سیاست دان ہیں جنہیں قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دیا جا سکتا ہے، پارٹی کا کوئی رکن نواز شریف کی جگہ لینے کا تصور بھی نہیں کر سکتا، نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، یہ پاکستان کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو نواز شریف جیسا قائد ملا، ہمیں بڑا چیلنج درپیش ہے، اپنے عمل سے تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، تمام مسائل کا حل پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے میں مضمر ہے، قائد نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی جس کا ازالہ ایک دن ضرور ہو گا، خیبرپی کے کے عوام کے ساتھ تبدیلی کے نام بہت بڑا فراڈ ہوا ہے ،زرداری اور نیازی ملکر بھی ہم پر بھاری نہیں ہیں، بطور پارٹی صدر انتخاب میری زندگی کا مشکل مگر اہم مرحلہ ہے۔ جنرل کونسل اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ قائد نواز شریف، راجہ ظفر الحق، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے پارٹی صدر منتخب کیا ، میرے لئے یہ اعزاز کا باعث ہے کہ گزشتہ ہفتے مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی سے صدر منتخب کرنے کے بعد آج مجھے مسلم لیگ (ن) کا باقاعدہ صدر منتخب کیا گیا، میں نے ہمیشہ نواز شریف سے رہنمائی حاصل کی، مجھے اس امر کا احساس ہے انہوں نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ، ملک میں موٹرویز بنائیں، کسان دوست پالیسیز اور دیگر نواز شریف کے کارنامے ہیں جن کو تاریخ یاد رکھے گی، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھی نواز شریف نے اہم کردار ادا کیا، لوڈشیڈنگ ختم کی، مستقبل کا مورخ نواز شرف کو مدبر اور محترم رہنما تسلیم کرنے پر مجبور ہو جائے گا، پاکستان کی تعمیر میں غیر مسلم بھائیوں کا بڑا کردار ہے، اس سفر میں مسلم لیگ (ن) کو اقلیتوں کا ساتھ حاصل ہے، یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا،پاکستانی عوام نواز شریف سے محبت کرتے ہیں، یہ میرے لئے ایک چیلنج ہے اور سنگینی کے احساس کے باوجود مجھے اپنے قائد کی سرپرستی اور پاکستان کی عوام کی دعائوں پر بھروسہ ہے، میں نے 30 برس سے زائد پاکستان کی خدمت کی اور یہ مرا سرمایہ ہے، قائد کی لیڈر شپ میں میں اپنے کاموں کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا،مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور نوجوانوں کا شکرگزار ہوں، آج کا دن مبارکبادیں دینے کا دن نہیں ہم سب دل شکستہ ہیں، ہمارے لیڈر کو ناانصافی کا نشانہ بنایا گیا، پاکستان کے قائد کو انصاف ملے گا اور اس زیادتی کا ازالہ ہو گا، مسلم لیگ ن علامہ اقبال اور قائداعظم کے نظریات کی جماعت ہے، پاکستان کے دکھوں کا مداوا پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں ہے، ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات ایک کرنا ہو گا، ہم نے جمہوریت کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے، ہمیں خود پر کامل یقین ہے، نیازی اور زرداری مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں ہیں، نواز شریف کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بی بی سی کے مطابق جنرل کونسل کے اجلاس سے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے خطاب کیا اور کہا کہ نوازشریف کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور آصف علی زرداری کا گٹھ جوڑ ان پر بھاری نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کتنے ہی جعل ساز مل بیٹھیں کیسی ہی ساز باز ہو یہ ہم پر بھاری نہیں ہوسکتے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں سے اپیل ہے کہ شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ نفرت کی آگ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ہمیں خیال کرنا ہوگا کہ ہم غیر شائستہ رویوں سے جمہوریت کا چہرہ داغ دار نہ کریں، پی ٹی آئی جلسے میں پیش آنے والا واقعہ ہر اعتبار سے قابل مذمت افسوسناک ہے۔ جمہوری عمل کے تسلسل میں ہی پاکستان اور سیاسی جماعتوں کی بقاء اور فلاح ہے۔