کراچی کو میگا سٹی بناکر کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کی اجارہ داری ختم کردیں گے : پاسبان
کراچی (نیوزرپورٹر) پاسبان پاکستان کے نائب صدر طارق چاندی والا اورمیگا سٹی کراچی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر و سینئر رہنما اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی میں بجلی و پانی ،صحت و تعلیم ،صفائی ،ٹرانسپورٹ ،روزگار اور امن و انصاف جیسے تمام اہم ترین مسائل کا حل پاسبان کے پیش کردہ آئیڈیا ’’میگا سٹی ‘‘ میں ہے ۔ وہ پاسبان پبلک سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں ’’میگا سٹی ‘‘ پر پاسبان کراچی کیبنٹ کے اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاسبان کے نمائندے اسمبلیوں میں جاکر کراچی کو میگا سٹی کا آئینی حق دلوائیں گے ۔کراچی میں بجلی کی تقیسم اور پانی کی تقسیم کے لئے تین علیحدہ علیحدہ ادارے بنائے جائیں گے اور کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کی اجارہ داری ختم کردی جائے گی ۔ پاسبان ان اداروں کے درمیان عوام کو بنیادی سہولتیں زیادہ سے زیادہ فراہم کرنے اور اپنی کارکردگی کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانے کے لئے مقابلہ کی فضا کو فروغ دے گی ۔