بھٹو شہیدکے منشور کی تکمیل تک جد جہد جاری رکھیں گے،تسنیم ناصر گجر
سوہاوہ ( نامہ نگار)ذوالفقار علی بھٹو شہیدکے معاشی انقلاب کے منشور کی تکمیل تک جد جہد جاری رکھیں گے ،ذوالفقار علی بھٹو شہید کے 4نکاتی بنیادی منشور کی تکمیل تک جد و جہد جاری رکھیں گے اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستا ن پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے صدر اور سابق ایم پی اے چوہدری تسنیم ناصر گجر نے پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل سوہاوہ کے زیر اہتمام سابق وزیر اعظم پاکستان اور پی پی پی کے بانی و چیئر مین ذوالفقار علی بھٹو شہید کی منعقدہ 92ویں سالگرہ کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے پہلے چار نکات میں سوشلسٹ معاشی انقلاب کی تکمیل تک پارٹی کے پلیٹ فارم سے جد و جہد جاری رکھیں گے اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ تقریب میں سالگرہ کا خصوصی کیک کاٹا گیا ۔ تقریب میں پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے صدر چوہدری تسنیم ناصر گجر مہمان خصوصی تھے جبکہ پی پی پی تحصیل سوہاوہ کے صدر مرزا عبدالغفار نے صدارت کی ۔ تقریب میں کارکنان کے علاوہ پی پی پی ضلع جہلم کے نائب صدر ملک احتشام الحق ، پی پی پی سوہاوہ کے سٹی صدر شوکت علی ، پی پی پی تحصیل سوہاوہ کے نائب صدر سید امجد علی بخاری ، پی پی پی تحصیل سوہاوہ کے سیکریٹری اطلاعات مرزا احمد رضا ، مرزا عبدالرزاق مغل ، خالد جنجوعہ اور معروف صحافی و دانشور پروفیسر افتخار محمود شامل تھے ۔