ملک میں کھیلوں کے میدان آباد کرکے دہشت گردی کو ختم کیا جاسکتا ہے، حسن بیگ
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل حسن بیگ نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے میدان آباد کرکے دہشت گردی کو ختم کیا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد ٹینس کمپلیکس میں پہلی سول ایوی ایشن اتھارٹی نیشنل جونیئر ٹینس چیمپین شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر فضل سبحان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور ان کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی سپورٹ جاری رکھے گا اور کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے اور ٹینس کھیل کے فروغ کیلئے ہر ممکن سپورٹ کرینگے۔