امہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے باہمی اتحاد کی ضرورت ہے: اسد قیصر
اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان میں قطر کے سفیر مبارک المنصوری سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے کہاکہ مسلم اْمہ کو درپیش چیلنجزکا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں باہمی اتحاد کی ضرورت ہے۔ پاکستان قطرکے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان پارلیمانی سفارتکاری اور اقتصادی تعاون میں فروغ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک کو قریب لانے میں ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ مبارک المنصوری نے کہاکہ قطرپاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ قطر پاکستان کے ساتھ اقتصادی ومعاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے۔ قطری سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو 6اپریل 2019کو قطر میں ہونے والی بین الپارلیمانی یونین کے اجلاس میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھی دیا۔