امریکا کا کہنا ہے کہ بھارت میں شہریت سے متعلق قوانین میں حالیہ ترامیم کو باریکی سے دیکھا جا رہا ہے اور اس ضمن میں امریکی حکومت بھارتی حکومت پر زور دیتی ہے کہ ملک میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کوجمہوری اقدار اور آئین کی پاسداری کا لحاظ کرتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔ اس بارے میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا شہریت سے متعلق بل کے حوالے سے تمام پیش رفت پر نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ مذہبی آزادی کا احترام اور قانون کے مطابق سب کے ساتھ یکساں سلوک دونوں ممالک کی جمہوریتوں کے بنیادی اصول ہیں۔ایک سوال کے جواب میں محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھاکہ امریکا بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے آئین اور جمہوری اقدار کا لحاظ کرتے ہوئے ملک میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔واضح رہے کہ بھارت میں اپوزیشن جماعتوں، انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں، سماجی کارکن اور دانشوروں کی جانب سے مذہب کی بنیاد پر شہریت دینے کی سخت مخالفت کی ہے اورحکومت کے اس اقدام کے خلاف کئی ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں۔
علی امین گنڈا پور کی ’’سیاسی پہچان‘‘ اور اٹھتے سوالات
Apr 25, 2024