ٹوکیو اولمپکس 2020 میں سکیورٹی کے لیے روبوٹ تیار
ٹوکیو ( آن لائن) جاپان میں حال ہی میں ٹرینوں کے اسٹیشنوں پر سکیورٹی کی ذمّے داریاں پوری کرنے کے لیے روبوٹس تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جاپان ٹائمز کے مطابق یہ ایک تجرباتی اقدام ہے جو 2020ء میں ٹوکیو اولمپکس کے دوران سکیورٹی مضبوط کرنے کے لیے روبوٹس کے استعمال کی تیاری کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس روبوٹ کا نام پرسیئوسبوٹ ہے جس کو یونان کی تاریخی شخصیت پرسیئوس کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ اس کی لمبائی 167.5 سینٹی میٹر، چوڑائی 61 سینٹی میٹر اور قامت 90.5 سینٹی میٹر ہے۔روبوٹ کو ایک سکیورٹی کیمرے سے لیس کیا گیا ہے جو مصنوعی ذہانت سے کام کرتا ہے۔ یہ ٹرین اسٹیشن پر مشتبہ افراد یا اشیاء کا انکشاف کر کے اس کی اطلاع دے سکتا ہے۔یہ روبوٹس ٹوکیو میں سیبو شینجوکوکے اسٹیشن پر 26 نومبر سے 5 روز کے لیے ابتدائی تجربے کے طور پر اپنی ذمّے داری انجام دیں گے۔یہ روبوٹ سکیورٹی گشت کے دوران رکاوٹوں سے بچتے ہوئے غیر ہموار فٹ پاتھوں پر بھی چل سکتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ سکیورٹی اہل کاروںکے سمارٹ فونز پر انتباہی پیغامات بھی ارسال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس جدید روبوٹ کو ٹوکیو میں انڈسٹریل ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر نے تین کمپنیوں کے تعاون سے تیار کیا ہے۔