ایشیا ویمنز کپ ‘بھارت ‘سری لنکا سے مقابلہ سخت ہوگا: جلال الدین
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پی سی بی کی ویمنز سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین و سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین نے کہا ہے کہ اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کیلئے پاکستان کی15رکنی ویمنز کرکٹ ٹیم بہت متوازن اور دستیاب بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ بھارت کو شکست دے سکتی ہے، سری لنکا سخت حریف ثابت ہوسکتی ہے، غیرملکی کوچ کی آمد سے ٹیم کا مورال بلند ہوا اور کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، مستقبل میں بہتر نتائج کیلئے مربوط لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ ایشیا کپ میں پاکستان کا مقابلہ بھارت اور سری لنکا سے سخت ہوگا، میں سمجھتا ہوں کہ کھلاڑیوں کے پاس موقع ہے کہ وہ بھارت کیخلاف عمدہ کھیل پیش کرکے اپنے آپ کو منواسکتی ہیں، کپتان بسمعہ معروف اور سابق قومی ویمن کپتان اور ٹیم کی سینئر کھلاڑی ثنا میر کے درمیان طویل عرصے سے مکمل ہم آہنگی ہے جو ویمن ٹیم کے لیے سود مند ہے۔مستقبل میں پاکستان ویمن ٹیم کو سخت مقابلے درپیش ہوں گے، ایشیا کپ کے بعد عالمی ٹی ٹونٹی کپ اہمیت کا حامل ہے جبکہ سری لنکا،جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کیخلاف شیڈول سیریز کے لیے سخت محنت درکار ہوگی۔ قومی ویمن ٹیم میں بتدریج بہتری آرہی ہے جبکہ اسے اب بھی کئی شعبوں میں مزید کام کرنا ہے، خاص طور پر فٹنس کے معاملے میں کافی محنت درکار ہے، نیوزی لینڈ سے آنیوالے کوچ مارک کولز کھلاڑیوں پر بھر پور محنت کر رہے ہیں۔