ایم ایم اے کا لاہور کا جلسہ ملکی سیاست کا رُخ موڑ دے گا،شمس الرحمان سواتی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ ) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ 13 مئی کو ایم ایم اے کے زیر اہتمام مینار پاکستان لاہورکے تاریخی مقام پر ہونے والے جلسہ عام میںراولپنڈی ضلع کی تمام تحصیلوں اور قصبات و دیہات سے بھی عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ اس سلسلے میںتیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزجماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹریٹ سید مودودی ؒ بلڈنگ میں منعقد ہونے والے ایم ایم اے کے اجلاس میں کیا۔اس اجلاس میں تنظیمی صورتحال کے علاوہ آمدہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی پوزیشن اور 13 مئی کو مینار پاکستان لاہور کے جلسہ عام کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔جماعت اسلامی ٗ جمعیت علماء اسلام (ف) ٗ جمعیت علماء پاکستان ٗ مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اسلامی تحریک کے رہنمائوں نے لاہور کے جلسہ میں شرکت کے سلسلے میں اپنی اپنی تیاریوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں منظور کردہ ایک قرار داد میںمرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما اور متحدہ مجلس عمل صوبہ بلو چستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ابو تراب کی کئی مہینوں سے پُراسرار گمشدگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا گیاہے۔ شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا لاہور کا جلسہ ملکی سیاست کا رُخ موڑ دے گا۔ عوام کرپشن میںلت پت اور بہروپیوں سے تنگ آ چکے ہیں ۔ پارٹیاں بدل بدل کر آنے والوں کو لوگ اس دفعہ ووٹ کی پرچی سے مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ ! دینی جماعتوں کے قائدین کا دامن صاف ہے۔کسی دینی رہنما کا نام پانامہ اور دوبئی لیکس میں نہیں آیا ہے ۔اب ان شا اللہ 2018 کے انتخابات میں دینی جماعتوں کے ووٹ اکٹھے ہونے سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ایم ایم اے ایک بڑی پارلیمانی قوت کے طور پر ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کرے گی۔