پولیس پر عوام کے جان و مال اور ناموس کی حفاظت کی بھاری ذمہ داری عائد ہے، عرفان الحق
لاہور (نامہ نگار )دانشورو مذہبی سکالر عرفان الحق نے کہا ہے کہ پولیس پر عوام کے جان و مال اور ناموس کی حفاظت کی بھاری ذمہ داری عائد ہے۔ پولیس کو اپنے بطور محافظ اعزاز کا تحفظ کرنا ہوگا۔ مظلوم کی دادرسی کرنے والا یوم حشر شہیدوں میں اٹھایا جائے گا۔ کیپٹل سٹی پولیس لاہور کی دعوت پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس ملازمین کو مواعظ حسنہ کے موضوع پر لیکچر میں انہوں نے کہا کہ اللہ نے آپ کو عوام کا محافظ بنا کر اعزاز سے نوازا۔ فرائض کی ایمانداری سے انجام دہی بھی ایک عبادت ہے۔ پریشان حال سائل کی دلجوئی کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی وقاص نذیر، عمران احمر، انعام وحید، ایس ایس پیز، لاہور کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور تھانوں میں تعینات جوانوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ صوفی دانشور عرفان الحق نے کہا کہ لوگوں کے دلوں میں گھر کرنے کا راستہ اخلاقیات سے ہوکر گزرتا ہے۔ بداخلاق شخص کبھی اللہ کی نظر میں مقبول نہیں ہو سکتا۔ قبل ازیں اپنے خیر مقدمی خطاب میں سی سی پی او بی اے ناصر نے عرفان الحق کو پولیس لائنز میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوفی دانشور عرفان الحق کے افکار سننا ہمارے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔7