ڈنمارک کے کمرشل قونصلر کی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ سے ملاقات
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان میں ڈنمارک سفارتخانے کے کمرشل قونصلر اور ہیڈ آف ٹریڈ اینڈ ڈانیڈا بزنس علی مشتاق بٹ نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب ثاقب ظفر سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ڈینش کمرشل قونصلر کے ہمراہ پراجیکٹ مینجر مارکیٹ ایکسس نوونارڈسک فارما ڈاکٹر کاشف سہیل اور کمرشل ایڈوائزر ڈینش ایمبیسی اسلم پرویز بھی تھے۔ سیکرٹری صحت ثاقب ظفر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈنمارک کے قونصلر نے کہا کہ ان کے ملک کی حکومت ترقی پذیر ممالک میں صحت و تعلیم کے شعبوں کی ترقی کے لئے ہر قسم کا تعاون فراہم کر رہی ہے اور پاکستان میں بھی صحت و تعلیم کے بہت سے منصوبوں میں ڈنمارک تعاون فراہم کر رہا ہے۔علی مشتاق بٹ نے بتایا کہ ان کی حکومت پنجاب کے محکمہ صحت کو مختلف بیماریوں خصوصاً ذیابیطس کی روک تھام اور علاج کے سلسلہ میں تعاون فراہم کر رہی ہے۔