والد کی طرح سندھ کی خدمت کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں‘ مراد علی شاہ
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنے والد کے نقش قدم پر چل پڑے۔ جام شورو سے مانجھند تک64 کلو میٹر روڈ کو ڈبل (دو رویہ) کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ میرے والد عبداللہ شاہ نے جس سڑک کو بنایا آج اسے دو رویہ کرتے ہوئے میں بے حد خوش ہوں اور اللہ کا شکر گزار ہوں اور چاہتا ہوں کہ وہ سارے کام کردوں جس کی وجہ سے لوگ میرے والد سید عبداللہ شاہ کو اچھے الفاظ سے یاد کرتے ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم اور پارٹی قیادت بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے اعتماد سے مجھے سندھ کے لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے اور میں اپنے والد کی طرح سندھ کی خدمت کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔