پارٹی فنڈنگ کیس، وکیل کی عدم حاضری پر چیف الیکشن کمشنر برہم
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائر سردار محمد رضا نے پارٹی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم حاضر ی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ساڑھے تین سال سے کیس آپ کی وجہ سے زیر التواء ہے ٗ آپ کہتے ہیں تحمل سے سنیں جبکہ الیکشن کمیشن نے 16جنوری کو پی ٹی آئی کے سیکرٹری فنانس کو طلب کرلیا ۔ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت میں درخواست گزار اکبر ایس بابرنے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ ساڑھے 3سال کا عرصہ گزر چکا ہے ٗپی ٹی آئی میں کروڑوں کی فنڈنگ میں خرد برد ہوئی ٗہائی کورٹ کے اسٹے کا جب تک تحریری آرڈر نہ آئے آپ سماعت جاری رکھیں۔چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اختیار سماعت کو چیلنج کر کے ڈیڑھ سال ضائع کیا ٗآپ کے بہت مشہور وکیل نے الیکشن کمیشن کا دائرہ کار ہی چیلنج کر رکھا ہے۔الیکشن کمیشن نے سماعت 16جنوری تک ملتوی کردی۔
پی ٹی آئی فنڈنگ کیس