اسلامی بینکنگ کے اثاثہ جات اضافہ ڈیپازٹس کی شرح 14 فیصد تک بڑھ گئی
اسلام آباد(آن لائن)بینکاری کے شعبہ میں اسلامی بینکنگ کے اثاثہ جات اور ڈیپازٹس کی شرح بالترتیب 12.4 فیصد اور 14.5 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔جمعرات کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ 31 دسمبر 2017ء کو ختم ہونیوالی آخری سہ ماہی کے دوران اسلامی بینکاری کے شعبہ کے اثاثہ جات میں 9.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران اثاثوں میں 189 ارب روپے کے اضافہ سے گذشتہ سال کے اختتام پر شعبہ کے اثاثہ جات کی مالیت 2.272 کھرب روپے تک پہنچ گئی جبکہ سال 2016ء کی آخری سہ ماہی کے اختتام پر اثاثہ جات کی مالیت 2.083 کھرب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔روایتی بینکوں کی اسلامی بینکاری کی خدمات فراہم کرنے والی برانچز کی جانب سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی بھی 23.1 فیصد تک بڑھ گئی جبکہ سال 2017ء کے آخری 3ماہ کے دوران اسلامی بینکاری کے شعبہ کی جانب سے نجی شعبہ کو فراہم کردہ قرضوں کی شرح میں 13.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔