اللہ کی رضا کیلئے عاجزی اختیار کی جائے، حاجی محمد امین عطاری
کراچی (نیوز رپورٹر) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران باب المدینہ کراچی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ ہمیں اللہ عزوجل کی رضا کیلئے عاجزی اختیار کرنی چاہئے ، جو لوگ اللہ پاک کیلئے عاجزی اختیار کرتے ہیں اللہ پاک انہیں پسند ہی نہیں فرماتا بلکہ دنیا و آخرت میں بلندر درجات سے بھی نواز تا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں اراکین کابینہ اور شعبہ جات کے ذمہ داران کے مدنی مشورے میں بیان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اللہ پاک کا قرب حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمارے لئے ضروری ہے کہ عاجزی اپنائیں اور ہرگز منصب و ذمہ داری ملنے پر معاذ اللہ تکبر میں مبتلا نہ ہوں، ذمہ داران کا عاجزی اختیار کرنا ماتحوں کیلئے بھی ترغیب کا ذریعہ ہے۔حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ حاکمانہ لہجہ رکھنے کی بجائے عاجزی والاانداز رکھئے حکم دینے کی بجائے عرض معروض سے کام چلائیے کبھی بھی اپنے حال سے مطمئن نہ ہوں تنہائی میں بیٹھ کر اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا و استغفار کیا کریں۔