سپیکر قومی اسمبلی کا خیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میںسوئی گیس کے کم پریشرکا نوٹس
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوبہ خیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میںسوئی گیس کے کم پریشرکا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی ایس این جی پی ایل سمیت اعلی احکام کوطلب کرلیا، مسئلے کے فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کردی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہصوبہ خیبرپختونخوامیں گیس کیاپنی پیداوار ہے سردیوں میں پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشر پر قابوپانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اتوار کو گیس کے مسئلے پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں پشاور سمیت اس کے ملحقہ علاقوں کے ارکان قومی اسمبلی علی محمد خان،مجاہد خان،نور عالم خان،ارباب شیر علی،ارباب عامر ایوب، ملک انور تاج،عثمان خان ترکئی سمیت ایم ڈی سوئی ناردرن گیس امجد لطیف دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔بیان کے مطابق سپیکر نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کو درپیش مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین تر جیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے پشاوراور اس کے ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشرکا نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لیمیٹڈ (SNGPL) کے اعلی احکام کو اس مسئلے کے فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہ سوئی گیس کے کم پریشر کی وجہ سے پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں کے عوام کو سر دیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ عوامی مشکلات کے پیش نظر اس مسئلے کا فوری حل ضروری ہے۔ قبل ازیں پشاور سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے سپیکر کو پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سر دیوں میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (SNGPL)امجد لطیف اور دیگر نے بریفنگ دیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی کو بتایا کہ پشاور میں سوئی گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک ارب روپے کی لاگت سے میگا پروجیکٹ شرو ع کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت درہ آدم خیل سے حیات آباد تک موجودہ ٹرانسمیشن لائن کے ساتھ ایک نئی ٹر انسمیشن لائن بچھائی جا رہی ہے جو 32کلو میٹر لمبائی پر محیط ہے اور یہ منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور شہر میں گیس کی لائنوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سپیکر کو یقین دلایا کہ اس ٹرانسمیشن لائن کے مکمل ہونے سے پشاور اور اس کے محلقہ علاقوں میں گیس کے کم پریشر کا خاتمہ ہوجائے گا۔