پنجاب حکومت نے دیہاتوں کی صفائی کے پروگرام کیلئے اربوں روپے مختص کئے
مظفرگڑھ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر سیف انور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے دیہاتوں کی صفائی کے پروگرام کے لئے اربوں روپے مختص کئے ہیں۔اب دیہات بھی شہروں کی طرح صاف ستھرے نظر آئیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے دیہی علاقوں کی حالت بدلنے کے لئے خطیر رقم سے جس دیہات صفائی پروگرام اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا آغاز کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے صاف دیہات پروگرام کے تحت مظفرگڑھ کے دیہاتی علاقوں کی صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیئرمین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اب حکومت پنجاب کے اس پروگرام سے کوڑا کرکٹ اٹھانے اور گندے پانی کی نکاسی سے وہاں کی حالت بھی بدلے گی۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے دیہات میں گندگی کی وجہ سے پھیلنے والی بیماریوں اور وبائی امراض پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔چئیرمین ضلع کونسل سردار عمر خان گوپانگ نے کہاکہ وزیراعلیٰ کا خود اس پروگرام کی نگرانی کا فیصلہ درست ہے۔ اس طرح انتظامیہ بھی متحرک رہے گی اور اس پروگرام سے عوام کو مستفید ہونے میں مدد ملے گی۔