یونیورسٹیوں اور انڈسٹریز میں قریبی تعلق کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے: گورنر پنجاب
لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ دور حاضر میں کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار تعلیم پر ہے اور فنی شعبوں میں ترقی کے لئے یونیورسٹیوں اور انڈسٹریز کا باہمی قریبی تعلق کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔ آج دُنیا میں وہی ممالک ترقی کی راہ پر براجمان ہیں جہاں تعلیم کو اولیت حاصل ہے اور ملکی وسائل کو حصول تعلیم اور ریسرچ پر زیادہ تر خرچ کیا جاتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں تعلیم اور ریسرچ جیسے اہم شعبوں پر صورت حال اس کے برعکس ہے ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گذشتہ روز یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 20ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں روایتی نظام کو بدلنے اور اوورحال کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ترقی کی رفتار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے خطبہ استقبالیہ چانسلر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خاں نے پیش کیا۔