رمضان المبارک کی ساعتیں غنیمت ہیں‘ قدر کی جائے: میاں جمیل
لاہور (خصوصی رپورٹر) رمضان، قرآن اور اعتکاف اللہ تعالیٰ سے تعلق جوڑنے کے ذرائع ہیں۔ ماہ مبارک میں تزکیہ نفس کیا جائے۔ امت خرافات کو چھوڑ کر سنت رسولؐ پر عمل یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمدجمیل نے کیا۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کی طرف سے رمضان المبارک ایک انعام ہے جس میں قرآن پاک نازل کیا گیا اور رمضان المبارک میں لیلۃ القدر جیسی سعادت کی گھڑیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کتاب ہدایت ہے جو انسان کی ہر شعبہ‘ زندگی میں رہنمائی کرتی ہے۔ آج امت مسلمہ قرآن وحدیث سے دوری کے باعث بحرانوں میں گھری ہوئی ہے۔ میاں محمدجمیل نے کہا کہ معاشرتی اصلاح کیلئے پیغام سیرت مصطفیٰؐ کو عام کیا جائے۔ فہم قرآن وحدیث کے ذریعے نئی نسل کی تربیت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رحمت الٰہی کے حصول کیلئے رمضان المبارک کی ساعتوں کو غنیمت سمجھا جائے۔ عبادات کے ذریعے اللہ کی رضا وخوشنودی کے حصول کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی اور اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے‘ ہمیں سماجی رویوں میں تبدیلی لانی چاہیے تاکہ معاشرہ امن وآشتی کا گہوارہ بنے۔