مرسی کی بحالی تک مصر میں امن قائم نہیں ہوسکتا:عرفان مشہدی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جماعت اہلسنت کے ناظم اعلیٰ سید عرفان مشہدی نے مصری فوج کی جانب سے اخوان المسلمون کے حامیوںکے مظاہروںاور نمازیوں پرفائرنگ کے نتیجے میںمتعددافراد کی شہادت پر شدید غم و غصہ کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا مصری افواج امریکہ اور یورپ کی پشت پناہی سے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، عالمی دنیا اور یواین او منتخب حکومت کی دوبارہ بحالی کے لئے اپنا کردار اداکریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مصر میں فوجی بغاوت کے خلاف عوام کی ترجمان جماعت اخوان المسلمون کی معزول حکومت کا ساتھ دے اوراس کے لئے عالمی سطح پر اپنا کلیدی کردار اداکرے۔ انہوں نے کہاکہ فوج نے پر امن مظاہروں پر فائرنگ کی اور نماز کے دوران نہتے بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی جماعت اہلسنت یہ سمجھتی ہے کہ صدر مرسی کی بحالی تک مصر میں امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکتا۔