امریکہ فوج نکالنے کیلئے اقدامات کرے، عراقی وزیراعظم: موجودگی ضروری، بات بھی نہیں ہو سکتی، محکمہ خارجہ
بغداد/ واشنگٹن (آئی این پی/ صباح نیوز) عراق کے عبوری وزیر اعظم عادل عبد المہدی نے کہا ہے کہ امریکا اپنی فوج کے فی الفور انخلا کے لیے وفد بھیجے تاکہ جلد از جلد کارروائی کا آغاز ہو سکے۔ عادل عبد المہدی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک گفتگو میں ملک میں موجود 5 ہزار 200 امریکی فوجیوں کے انخلا کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا، عبد المہدی نے عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے لیے امریکی وزیر خارجہ سے بغداد وفد بھیجنے کا مطالبہ بھی کیا۔ عراقی وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ بھی امریکی فوجیوں کے انخلا کے لیے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا ہے اور عراقی عوام کی بھی یہی خواہش ہے اس کے علاوہ امریکی حملے میں ایرانی جنرل کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کا بھی یہی تقاضا ہے کہ امریکی فوج عراق سے نکل جائے۔ واشنگٹن/ بغداد (صباح نیوز+ آئی این پی) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی فوج کی موجودگی ضروری ہے اور اس موضوع پر کوئی بات نہیں ہو سکتی۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹاگوس نے ایک بیان میں کہا امریکہ کی طرف سے عراق جانے والا کوئی بھی وفد امریکی افواج کے انخلا کے بارے میں بات نہیں کرے گا۔ عراق امور امریکا کے درمیان بحث و مباحثے اور بات چیت کے لیے اور کئی موضوعات ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی ضرورت ہے۔ یہ مذاکرات صرف سکیورٹی سے متعلق نہیں بلکہ مالی، اقتصادی اور سفارتی شراکت پر بھی ہو سکتے ہیں۔